پرائیوٹ سکولوں کی فیسوں میں اضافہ، والدین پریشان، محکمہ تعلیم کاغذی کاروائی میں مصروف ہے: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ سکولوں کی فیسوں میں اضافے کیخلاف دائر درخواست پر پنجاب حکومت، سیکرٹری سکولز اور دیگر فریقین سے 13 فروری کو جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد جمیل خان نے عبداللہ سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ حکومتی نوٹیفیکیشن کے باوجود پرائیویٹ سکول مالکان فیسوں میں من مرضی سے اضافے کر رہے ہیں۔ لہٰذا پرایئویٹ سکولوں کے فیسوں کے اضافے کے اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو بتایا جائے کہ پرائیویٹ سکول پنجاب حکومت کے ماتحت ہیں یا ضلعی حکومت کے ماتحت ہیں۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ محکمہ تعلیم کی تشہیری مہم کے باوجود صرف ایک شکایت موصول ہوئی ہو۔ یہ انتہائی اہم نوعیت کا معاملہ ہے۔ والدین پریشان ہیں اور محکمہ کاغذی کارروائی میں مصروف ہے۔افسر اپنا کام ٹھیک طریقے سے نہیں کر رہے۔ اس کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے گی۔عدالت نے محکمہ تعلیم کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری سکولز کو طلب کر لیا۔