سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کرنیوالوں کو بے نقاب کرینگے : وزیراعظم
اسلام آباد+ میانوالی (صباح نیوز+ نامہ نگار)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کابینہ اور پارلیمانی اجلاس میں کہہ چکا ہوں کہ فوج اور عدلیہ پر بیان بازی نہ کریں۔ طلال چوہدری اور دانیال عزیز کے بیانات کی وجہ سے اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو اس پر انہیں معذرت کرنی چاہیے۔ سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کرنے والوں کو بے نقاب کرنے کیلئے سرعام نیم اور شیم کریں گے۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ میں نے خاص طور پر کابینہ اجلاسوں اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاسوں میں یہ بات کہی ہے کہ نہ قانون میں کوئی گنجائش ہے نہ آئین میں ہے اور نہ اس بات کی ضرورت ہے کہ سیاستدان فوج اور عدلیہ کے حوالہ سے کوئی بیانات دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سینٹ کے الیکشن میں دھاندلی کا امکان ہے یا جس طرح بات ہو رہی ہے تو میں ذاتی طور پر کابینہ سے بھی بات کروں گا اور پارٹی سے بھی بات کروں گا۔ ہم ان لوگوں کو جو نیم اور شیم ہیں ان کے نام لے کر کہیں گے کہ یہ لوگ منتخب ہوئے ہیں۔ ان کو صوبائی اسمبلیوں میں کوئی سیاسی پشت پناہی حاصل نہیں تھی یہ کیسے منتخب ہوئے ہیں یہ اس کا حساب دیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 10فروری 2018ء کو جناح بیراج کالونی کالاباغ گرائونڈ پر سوئی گیس کی فراہمی کا افتتاح کریں گے اور اس موقع پر جلسہ سے بھی خطاب کریں گے۔ پہلے جلسہ کمرمشانی اقبال سٹیڈیم میں ہونا تھا۔ مبینہ سکیورٹی حالات کے پیش نظر مقام تبدیل کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گنے کے کاشتکاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے تاہم گنے کی خرید اور مقررہ نرخوں کی ادائیگی کو یقینی بنانا صوبائی حکومتوں کے دائرہ کار میں آتا ہے، صوبے اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے یہ بات وزیر مملکت برائے قومی غذائی تحفظ سید ایاز علی شاہ شیرازی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم