توانائی کی بچت سے صنعتوں کی پیداواری لاگت میں خاطر خواہ کمی ممکن ہے‘ ماہرین
لاہور ( این این آئی)توانائی کی بچت اور اسکے دانشمندانہ استعمال کے بارے میں آگاہی سے صنعتوں کی پیداواری لاگت میں خاطر خواہ کمی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کیمیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن ( پی سی ایم اے) کے زیر اہتمام منعقدہ دور روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے مختلف ماہرین نے کیا۔ ورکشاپ میں ایس آر سی، نمیرکیمیکل، برجر پینٹس، سی ایچ ٹی پاکستان اور اولمپیا کیمیکل سمیت کیمیکل یونٹوں کے متعدد نمائیندے موجود تھے جبکہ کیمیکل فیکٹریوںکی آپریشن مینجمنٹ، انرجی ڈیپارٹمنٹ اور پلانٹ مینٹیننس دیپارٹمنٹ کے سینئر کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں ورکشاپ میں شرکت کی۔توانائی کے بین الاقوامی ایکسپرٹ سلمان بٹ نے اس موقع پر شرکا ء کو بتا یا کہ انہوں نے گزشتہ تیرہ برس کے دوران عالمی اداروں کے ساتھ کام کے دوران دیکھا ہے کہ توانائی کی وافر سپلا ئی میسر ہونے کے باوجود ترقی یافتہ ملکو ں کے صنعتکار اپنی پیداواری لاگت کو نچلی سطح پر رکھنے کیلئے توانائی کے محتاط استعمال کو کلیدی اہمیت دیتے ہیں۔