سعودی عرب کے شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے۔ یہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں درخشاں اور روشن مستقبل رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک ہر معاملے میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہماری دوستی آزمودہ ہے جو ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے دکھ سکھ سانجھے ہیں۔ یہ دونوں برادر اسلامی ملک ہر مشکل اور خوشی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے نظر آئے ہیں۔ پاکستان میں جب سماوی آفات زلزلہ اور سیلاب آیا تو بے کس اور بے سہارا مصیبت میں گھرے پاکستانیوں کی مدد کیلئے سب سے پہلے جو ملک مدد کیلئے پہنچا وہ سعودی عرب ہی تھا۔ تعلیم کے شعبے میں بھی سعودی عرب نے پاکستانیوں کی مدد کرنا شروع کر دی ہے۔ سلطانہ فائونڈیشن کے تحت میڈیکل کالجز اور سکولز تعمیر کرکے نسل نو کو تعلیم کے شعبے میں کامیاب کروانے کیلئے بھی کوششیں شروع کر دی ہیں جو خوش آئند پہلو ہے۔ حال ہی میں سعودی عرب نے پاکستان سے 99 سال کیلئے زمین لیز پر لینے کا عندیہ بھی دیا ہے جس کے بدلے روزانہ کی بنیاد پر اڑھائی لاکھ بیرل تیل دینے کی بات کی ہے۔ اس وقت پاکستان کے لاکھوں شہری سعودی عرب میں ہر شعبہ زندگی میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں لیکن اسکے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے نئے قوانین کی زد میں آ کر تقریباً 3 ہزار شہری جیلوں میں پڑے ہیں اور طبی سہولیات نہ ملنے کے باعث کچھ افراد انتقال بھی کر چکے ہیں۔ 2 روز قبل چیف جسٹس مسٹر جسٹس تصدیق حسین جیلانی نے اس پر سوموٹو ایکشن بھی لیا تھا۔ سمندر پار وزارت کے ارباب بست و کشاد شہزادہ سلطان بن سلمان سے قید پاکستانی شہریوں کی رہائی کیلئے بھی اپیل کریں ۔ نئے قوانین کو نہ سمجھنے کے باعث کچھ پاکستانی مزدور غلطیاں کر رہے ہیں انہیں فی الفور سزا نہیں دینی چاہئے بلکہ پہلے وارننگ سے کام لینا چاہئے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان اخوت، بھائی چارے اور ہمدردی کے استوار رشتے حکومت کی طرح عوام کے قلوب و اذہان میں رچ بس جائیں‘سعودی سفیر کو اس سلسلے میں کردار ادا کرنا چاہئے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024