اسلام آباد (خبرنگار) فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے ووٹرز کے عالمی دن کے موقع پر عام انتخابات 2024 ء میں ووٹرز کی شرکت کی تفصیلی تجزیاتی رپورٹ جاری کر دی۔ "جنرل الیکشن 2024، بریف آن سیسنگ ڈیموگرافک اینڈ جینڈر ٹرن آئوٹ ڈائنامکس"کے عنوان سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنرل الیکشن 2024میں چھ کروڑ بارہ لاکھ بیاسی ہزار بانوے ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جو کہ کسی بھی عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے ووٹرز کی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ووٹرز کی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد کے باوجود ٹرن آؤٹ 2018 کی نسبت 52 فیصد کے مقابلے میں 48 فیصد تک گر گیا کیونکہ دونوں انتخابات کے درمیان انتخابی فہرستوں میں 22.5 ملین ووٹرز کا غیر معمولی اضافہ ہوا تھا۔ جنرل الیکشن 2018 اور 2024 کے درمیان خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن مردوں کے مقابلے میں زیادہ دیکھی گئی۔ 22.5 ملین نئے ووٹرز میں سے 12.5 ملین خواتین اور 10 ملین مرد تھے اس کی وجہ سے ووٹر رجسٹریشن میں صنفی فرق کو کم کیا گیا۔ اگرچہ خواتین کا ٹرن آٹ مردوں کے ٹرن آٹ (51.8 فیصد) سے کم (42.7 فیصد) رہا، لیکن ان کے ٹرن آؤٹ کے درمیان فرق جنرل الیکشن2018 میں 10 فیصد سے کم ہو کرجنرل الیکشن 2024میں نو فیصد رہا۔ رپورٹ میں زیادہ تر شہری حلقوں (43.8 فیصد) کے مقابلے بنیادی طور پر دیہی حلقوں (50.1 فیصد) میں کافی زیادہ ووٹر ٹرن آٹ کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ شہری علاقوں (20.5 ملین) کے مقابلے دیہی علاقوں کے تقریبا دو گنا زیادہ ووٹرز (40.6 ملین) نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
الیکشن 2024: ریکارڈ ووٹنگ کے باوجود ٹرن آؤٹ کم رہا: فافن
Dec 09, 2024