مسلم لیگ ن کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی رہنما کا الیکشن کمیشن کے معاملات اور آئینی ترمیم پر حکومت سے عدم تعاون کا اعلان
پاکستان مسلم لیگ ن کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی رہنما خواجہ محمد آصف نے الیکشن کمیشن کے معاملات اور آئینی ترمیم پر حکومت سے عدم تعاون کا اعلان کردیا،پارٹی قائد کیلئے آخری حدتک جائیں گے، لندن میں اگر نوازشریف کے گھر پر حملہ ہوسکتاہے تو برطانیہ اور پاکستان دونوں جگہ ان کے گھر محفوظ نہیں رہیں گے،سخت ردعمل دکھایا جائے گا اور ان کا پیچھا کریں گے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اورسابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اعلان کیا ہے کہ ایوان میں حکومت بہتر رویہ اختیارکرتے ہوئے ایک قدم آگے بڑھائے ہم اس کی جانب چار قدم آگے بڑھائیںگے،وزیر مواصلات مرادسعید نے شریف خاندان پر منی لانڈرنگ کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی سبز رنگ کی بلٹ پروف گاڑی میں پنجاب ایلیٹ فورس کی حفاظت میں کک بیکس کا پیسہ ماڈل ٹائون منتقل کیاجاتاتھا جہاں سے اسے باہر بجھوایا گیا اور شہباز شریف اورحمزہ شہباز کی بیگمات کے لئے گھرخریدنے کیلئے یہ پیسہ واپس لایاگیا۔ اپوزیشن لیڈر کہاں ہیں اب تو انہیں تلاش کرتے کرتے شہزاد اکبر پارلیمنٹ پہنچ گئے ہیں، الزام کے حوالے سے شہباز شریف کم ازکم برطانوی صحافی کے گھر کی گھنٹی ہی بجاآتے۔ پیرکو قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں حکومت اپوزیشن کی طرف سے الزام تراشی کا سلسلہ جاری رہا اور کوئی عوامی مسئلہ زیربحث نہ آسکا۔