انسداد دہشتگردی کی عدالت نے بے نظیر قتل کیس کے چالان میں نامزد ملزم سابق صدر پرویز مشرف کے مزید چار پلاٹس کی قرقی کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس داخل دفتر کردیا ہے۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج شوکت کمال ڈار نے بے نظیر قتل کیس کے چالان میں مرکزی ملزمان قرا دیئے گئے سابق صدر پرویز مشرف کے ڈی ایچ اے کراچی میں تین اور اسلام آباد میں مزید ایک کمرشل پلاٹ کی تفصیل موصول ہونے کے بعد چاروں پلاٹس بحق سرکار قرق کرنے کا حکم جاری کردیا۔سماعت کے موقع پر ایف آئی اے کی انسپکٹر عظمت نے سابق صدر پرویز مشرف کے مزید 4 پلاٹس کے بارے میں تفصیل عدالت میں پیش کی۔ ایف آئی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد اور بینک اکاونٹس ضبط کرنے کے احکامات کے بعد مزید پلاٹس کا انکشاف ہوا تھا جس کی تفصیل عدالت کے روبرو پیش کردی گئی ہے۔جس پر خصوصی عدالت کے جج شوکت کمال ڈار نے سابق صدر پرویز مشرف کے چاروں پلاٹس بھی قرق کرنے کا حکم دے دیا۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024