شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیفنس، محمود آباد، کورنگی اور کلفٹن سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جب کہ بارش کے باعث شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا، کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔دوسری جانب (آج ) منگل کے روز تک ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، ژوب، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے، جب کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ڈی جی خان ڈویژن میں بھی کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ جبکہ بنوں، ڈی آئی خان، ملتان، ساہیوال، بہاولپور اور سکھرمیں بھی بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب پاکستان کے بالائی علاقوں بسوات، چترال، کالام، مالم جبہ، اپردیر، ہزارہ ڈویژن، مری، گلیات، گلگت بلتستان، کشمیر اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق (آج ) منگل کو دن بھر ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا جبکہ گوجرانولہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ساہیوال ڈویژن میں رات کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024