چیئرمین قائمہ کمیٹی داخلہ کا روپے کی قدر میں مسلسل کمی پر نوٹس‘ رپورٹ طلب
اسلام آباد (آئی این پی ) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے روپے کی قدر میں مسلسل کمی کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کر لی اور کہا ہے کہ ایف آئی اے روپے کی قدر میں مسلسل گرنے پر جامع رپورٹ کمیٹی کو 22 دسمبر تک جمع کراے، ایف آئی اے فارن ایکسچینج ایکٹ و بے قاعدگیوں کے تحت سارے سٹیک ہولڈرز سے تفتیش کرے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ایف آئی اے تفتیش کرے کہ روپے کی قدر میں یوں اچانک و مسلسل گرنے کی وجوہات کیا ہیں، پریشانی کی بات ہے کہ نہ وزیراعظم و نہ وزیر خزانہ کو روپے کی قدر میں کمی کا پہلے سے علم ہو، اگر وزیراعظم و وزیر خزانہ کو روپے کی گرنے کا علم نہیں ہوتا تو پھر کونسے عناصر و عوامل ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا روپے کی قدر گرنے میں فارن ایکسچنج ایجنٹس کا کیا کردار ہے۔ معلوم کیا جائے کہیں ڈالر کی قلت اسکی قیمت بڑھانے کیلے مصنوعی طور پر تو نہیں پیدا کی جاتی۔