پی سی بی نے سمیع الحسن کو نیا ڈائریکٹر میڈیا وکمیونیکیشن مقرر کر د یا
لاہور(نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں 12 سال سے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ سمیع الحسن کو نیا ڈائریکٹر میڈیا و کمیونیکیشن مقرر کر دیا۔پی سی بی چیئرمین احسانی مانی بھی ماضی کے سربراہوں کی طرح اپنی انتظامی ٹیم لارہے ہیں اور یہ تقرریاں ایسے موقع پر ہو رہی ہیں جب بورڈ کو کئی تنازعات کا سامنا ہے۔پی سی بی کا میڈیا ڈپارٹمنٹ گزشتہ کئی سالوں سے میڈیا کو معلومات فراہم کرنے میں ناکام تھا، اس لیے بورڈ نے اس عہدے کیلئے ہائی پروفائل تقرری کی ہے۔ سمیع الحسن 2002 سے 2004 تک بورڈ میں خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ میں جنرل توقیر اور شہریار خان کے دور میں بھی جنرل منیجر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔احسان مانی کی تقرری کے بعد پی سی بی میں نئے افسران کی تعیناتی ہو رہی ہے اور مزید کئی تقرریوں کا امکان ہے جبکہ پی سی بی بڑے میں پیمانے پر لوگوں کو ملازمت سے فارغ کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔پی سی بی نے اعلان کیا کہ سمیع الحسن آئی سی سی میں نوٹس پیریڈ ختم ہونے کے بعد آئندہ ماہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، 51 سالہ سمیع الحسن، امجد حسین بھٹی کی جگہ ڈائریکٹر بنے ہیں۔چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ بورڈ سمیع کے تجربے سے فائدہ اٹھائے گا جبکہ سمیع نے دوسری مرتبہ موقع دینے پر بورڈ کا شکریہ ادا کیا ہے۔