ایل ڈی اے سٹی کیس، پیراگون کے اصل مالکان خواجہ برادران ہیں: نیب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ نے ایل ڈی اے سٹی سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے گرفتار، ضمانت پر رہا اور مفرور ملزمان کی تفصیلات طلب کر لیں۔ فاضل چیف جسٹس نے قرار دیا کہ مفرور افراد کی گرفتاری کیلئے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس بارے میں عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر چوہدری خلیق الزمان سے استفسار کیا کہ کیا بیرون ملک فرار ہونے والے افراد کے ریڈ وارنٹ جاری کیے؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزموں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں۔ دو ملزمان کو گرفتار بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا پیراگون کے اصل مالکان خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق ہیں۔ ان کی درخواست ضمانت منگل کے روز لاہور ہائی کورٹ کے رو برو مقرر ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایل ڈی اے سٹی کتنی کمپنیز کا جوائنٹ وینچر تھا؟ اس پر ایل ڈی اے کے وکیل نے بتایا یہ پاک اسٹیٹ، معمار، پیراگون، اربن ڈیلپپرز اور ایلفا کا جوائنٹ وینچر تھا۔ چیف جسٹس نے قرار دیا کہ جس طرح یہ کام چل رہا ہے یہ سارے لوگ بچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یا پھر حکم دے دیتے ہیں کہ ایل ڈی اے تمام متاثرین کے پیسے واپس کرے۔ چیف جسٹس نے ڈی جی ایل ڈی اے سے استفسار کیا وہ سارے پیسے کہاں خرچ کر دیئے؟ ایل ڈی اے سٹی میں احد چیمہ بھی ملوث تھا؟ جس پر فاضل عدالت کو بتایا گیا کہ ایگزمپشن لیٹرز احد چیمہ کے دور میں ہی جاری ہوئے۔ چیف جسٹس نے کہا مفرور ملزمان کی اور ایل ڈی اے سٹی کی پیش رفت رپورٹ پیش کریںہم خود ان ملزموں کی گرفتاری کا حکم دیں گے۔