سیٹ بیلٹ دوران ڈرائیونگ حادثہ کی صورت میں زندگی کو محفوظ بناتا ہے
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی محمد بن اشرف کی ہدایت پر راولپنڈی ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ نے روڈ یوزرز میں دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ کے استعمال کی اہمیت کے حوالے سے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم شروع کر دی ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز ایجوکیشن ونگ کے انچارج انسپکٹر قیصر ستی نے ہمراہ ایجوکیشن آفیسرز راولپنڈی کی اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کے ڈرائیورز کو خصوصی بریفنگ دی اس حوالے سے ٹرانسپورٹ اڈاجات پر بھی آگاہی دی گئی دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ کے فوائد سے متعلق اور خدانخواستہ روڈ حادثہ کی صورت میں سیٹ بیلٹ کے استعمال کی وجہ سے انسانی جانوں کو ملنے والے تحفظ کے پیش نظر آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے اس سلسلے میں آگاہی دی گئی کہ ’’ ڈرائیونگ سے پہلے سیٹ بیلٹ باندھ لیجئے کیونکہ سیٹ بیلٹ دوران ڈرائیونگ روڈ حادثہ کی صورت میں زندگی کو محفوظ بناتا ہے ، ٹریفک قوانین پر عمل کر کے احتیاط، سمجھ داری اور ذمہ داری کے ساتھ ڈرائیونگ ہی محفوظ سفر کی ضمانت ہے ‘‘۔