ہالینڈ کیخلاف آج اہم میچ سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے نائب کپتان پر عائد پابندی ختم
ملائیشیا کو جرمنی سے شکست،ہالینڈ کو ہرا یا برابر کھیل کر کے قومی ٹیم اگلے مرحالے تک رسائی حاصل کر سکتی ہے بھونیشور (سپورٹس ڈیسک ) ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ک کیلئے اچھی خبر آگئی ،ہالینڈ کیخلاف آج اہم میچ سے قبل انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن(ایف آئی ایچ) نے عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان عماد شکیل بٹ پر عائد ایک میچ کی پابندی ختم کردی۔ جس کا مطلب ہے کہ وہ ہالینڈ کیخلاف اہم میچ میں ٹیم کا حصہ ہونگے ،بھارت میں جاری ہاکی ورلڈ کپ میں ملائیشیا کے خلاف میچ کے دوران حریف کھلاڑی سے ٹکرانے پر قومی ہاکی ٹیم کے نائب کپتان پر ایک میچ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔تاہم پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے پابندی ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔ایف آئی ایچ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے اپیل منظور کرتے ہوئے پابندی ختم کردی ہے البتہ دوبارہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر عماد بٹ کو معطل کرنے کی سفارش کی ہے۔دوسری جانب انجری کا شکار ہونے والے قومی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر کی جگہ ارسلان قادر نے بھارت پہنچ کر قومی ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔رضوان سینئر ملائیشیا کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے اور بعد ازاں اسکین میں ان کے سیدھے پاؤں کی انگلی میں فریکچر کا انکشاف ہوا تھا۔ پاکستان کا اگے کا سفر اب بھی آسان نہیں،، گروپ ڈی میں پاکستان کو ہالینڈ اور دوسرے میچ میں ملائیشیا کو جرمنی کا چیلنج درپیش ہو گا، جرمنی کی ٹیم مسلسل دو میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، ہالینڈ کی ٹیم ایک میچ جیت کر دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان اور ملائیشیا ایک میچ ڈرا کھیل کر بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں، جرمنی کی اگلے مرحلے تک رسائی یقینی ہو گئی ہے جبکہ ہالینڈ، پاکستان اور ملائیشیا میں سے دو ٹیموں کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ اگر پاکستان ہالینڈ کے خلاف میچ ڈرا کھیلتی ہے اور دوسری جانب ملائیشیا کو جرمنی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو اس صورت میں ہالینڈ اور پاکستان دونوں اگلے رائونڈ تک رسائی حاصل کر لیں گے تاہم پاکستان اور ملائیشیا کی فتوحات کے نتیجے میں فیصلہ بہترین اوسط پر ہو گا۔ اسی طرح اگر پاکستان کو ہالینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ملائیشین ٹیم جرمنی سے جیت جاتی ہے تو اس صورت میں پاکستانی ٹیم ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی، دوسری جانب اگر پاکستان ہالینڈ کو ہرا دیتا ہے اور جرمنی ملائیشیا کو شکست دیتا ہے تو اس صورت میں بھی پاکستان اور ہالینڈ کی ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچ جائیں گی