صرف کپتان ہی نہیں پوری ٹیم کی کارکردگی سے فرق پڑتا ہے، سرفراز
کراچی (سپورٹس ڈیسک )نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے۔کپتان سرفراز احمد نے کراچی واپسی پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مجموعی طور پر دورہ اچھا رہا، نیوزی لینڈ کے خلاف جو غلطیاں ہوئیں، ان پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔سرفراز نے کہا کہ صرف کپتان ہی نہیں پوری ٹیم کی کارکردگی سے فرق پڑتا ہے، ہمارے بیٹسمینوں کو زیادہ اسکور کرنا چاہیے تھا، لمبی اننگز نہ کھیلنے کے باعث ٹیسٹ میں شکست ہوئی۔قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی مختلف پروازوں سے لاہور اور کراچی پہنچے، لاہور پہنچنے والوں میں محمد حفیظ ،امام الحق، اظہرعلی، حسن علی سمیت دیگر کھلاڑی شامل تھے جبکہ کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق اور میرحمزہ دبئی سے کراچی پہنچے۔ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں سرفراز کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر دورہ اچھا رہا، مواقع ملنے کے باوجود میچ جیت نہ سکے۔