الیکشن کمیشن دس کروڑ رائے دہندگان کے حقوق کا محافظ ہے ،کنور دلشاد
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ ) نیشنل ڈیمو کریٹک فائونڈیشن کے زیر اہتمام نیشنل ووٹرز ڈے کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت،سابق وفاقی سیکر ٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان وچیئرمین نیشنل ڈیمو کریٹک فائونڈیشن کنور محمد دلشاد نے کی ۔کنور محمد دلشاد نے نیشنل ووٹرز ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آئینی طور پر دس کروڑ رائے دہندگان کے حقوق کا محافظ ہے اور حکمران جماعتوںکے منشور میں عوامی فلاح و بہبود کے جو وعدے کئے گئے ہیں ان پر عمل در آمد کے بارے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان حکمران جماعتوںسے از خود نوٹس لیتے ہوئے جواب طلب کرنے کا مجاز ہے ۔ الیکشن کمیشن گڈ گورننس اور آئین کے آرٹیکل 3پر مکمل طور پر عمل در آمد کرانے کے لئے حکمران جماعتوں سے پوچھ گچھ کر سکتا ہے۔تقریب کا انعقاد نیشنل ڈیمو کریٹک فائونڈیشن کے مرکزی سیکر ٹریٹ اسلام آباد میں کیا گیا جس میں صدر نیشنل ڈیمو کریٹک فائونڈیشن سہیل کسٹ ، نیشنل کو آر ڈینیٹر انٹر یونیورسٹی کنسورشیم برائے فروغ سوشل سائنسز محمد مرتضیٰ نور، چیئرمین پاکستان سوشل سروز نیٹ کنور جاوید اقبال ، پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ضیاء بانڈے، ممبر ایڈوائزی بورڈ این ڈی ایف نذیر احمد کاٹھیا،صدر یوتھ کونسل آف پاکستان سید وقار علی ، یوتھ افیئرز پاکستان اور سول سوسائٹی کے نمائدگان نے شرکت کی۔