دھند جاری‘ ٹریفک حادثات میں 3 خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق‘ 21 زخمی
لاہور/ اسلام آباد (صباح نیوز+ آن لائن) شیخوپورہ اور ساہیوال میں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں تین خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق اور 21زخمی ہوگئے،جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی بھی شامل ہیں۔پنجاب کے مختلف علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق شیخوپورہ میں سرگودھا روڈ پر خانقاہ ڈوگراں سے فا روق آباد جانے والے رکشے کو مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار آئل ٹینکر نے ٹکر مار دی۔ حادثہ کے نتیجہ میں رکشہ میں سوار میاں بیوی سمیت چار افراد جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے نعشوں اور زخمی شخص کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا۔ دوسری جانب ساہیوال کے قریب چیچہ وطنی میں بائی پاس پر بس اور آئل ٹینکرمیں تصادم سے 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق اور18 مسافر زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں بس ہوسٹس کرن عارف، سکیورٹی گارڈ راشد رفیق اور 30 سالہ خاتون عدیلہ شامل ہیں۔ جاں بحق افراد کی نعشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اوکاڑہ میں بائی پاس کے قریب دوکاروں کے درمیان تصادم سے 22 سالہ عبدالنبی جاں بحق اور2افراد زخمی ہوگئے۔ شیخوپورہ، فیصل آباد، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں، سکھیکی، قصور، کلور کوٹ سمیت کئی علاقوں میں دھند کے ڈیرے ہیں۔ کوٹ مومن میں حد نگاہ چند میٹر رہ گئی۔ موٹر وے ایم ون کوٹ مومن سے فیصل آباد ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی اور موٹروے ایم ٹو اسلام آباد کیلئے بھی بند کردی گئی۔ موٹروے کی بندش کے باعث ٹول پلازوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ محکمہ موسمیات نے آج سے بیشتر علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کی نوید سنائی ہے، بارشوں کا یہ سلسلہ 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ لاہور اور اس کے مضافات میں ہر چیز دھند میں لپٹی نظر آئی۔ لاہور سے پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد اور گوجرہ تک موٹروے بند رہی۔ چونیاں منچن آباد، قصور اور گردونواح میں بھی حد نگاہ صفر رہی، موٹروے پولیس ترجمان کا کہنا ہے شہری دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔