بھارتی سکیورٹی فورسز کی ورکنگ بائونڈری کے چپراڑ سیکٹر میں چناب رینجرز کی پوسٹ پر فائرنگ سے ایک جوان شدید زخمی ہو گیا۔ چناب رینجرز کے جوانوں کی منہ توڑ جوابی کارروائی پر دشمن کی بندوقیں خاموش ہو گئیں۔ اسی دوران مقبوضہ کشمیرکے ضلع کولگام میں بھارتی فوج نے چار کشمیری نوجوانوں کو مجاہدین قرار دے کر شہید کر دیا۔ دریں اثنا ایک بھارتی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی حکومت نے لائن آف کنٹرول کے پار آزاد کشمیر میں مخصوص اہداف کو نشانہ بنانے کے لئے خصوصی سرجیکل سٹرائیکس فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ فورس بری، بحریہ اور فضائیہ کے تربیت یافتہ کمانڈوز پر مشتمل ہو گی۔
بھارت کے جارحانہ عزائم ہماری سالمیت اور علاقے کے امن کے لئے خطرے کی گھنٹی ہیں۔ تاہم قابل اطمینان امر یہ ہے کہ پاک فوج جوابی اقدامات اور دفاع وطن کے لئے دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہماری دفاعی قوت ہی بھارت کو کسی بڑی مہم جوئی سے باز رکھے ہوئے ہے۔ بھارت کی سرحدوں پر چھیڑ چھاڑ اور جنگ بندی کی خلاف ورزیاں پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی مذموم منصوبہ بندی کا حصہ ہیں۔ بھارت کی ان کارروائیوں کا اولین مقصد پاکستان کو کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر امداد و معاونت سے روکنا ہے۔ دوسرا مقصد خوف و ہراس اور عدم استحکام پھیلا کر پاکستان کی توجہ ترقیاتی و تعمیری کاموں سے ہٹانا ہے۔ جہاں تک کشمیریوں کی حمایت کا تعلق ہے پاکستان چونکہ اس تنازع کا فریق ہے اور اُس نے کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلانے کا عہد کر رکھا ہے اس لئے اُسے کوئی حربہ یا سازش عہد شکنی پر مجبور نہیں کر سکتی۔ چنانچہ ضروری ہے کہ پاکستان عالمی برادری کی توجہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی سرحدوں کی پائمالی اور مقبوضہ کشمیر میں بنیادی حقوق کا مطالبہ کرنے والے نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی طرف مبذول کرائے رکھے۔ ہمیں اس نکتہ پر بھی غور کرنا چاہئے کہ بھارت ہماری امن پسندی سے ناجائز فائدہ اُٹھا رہا ہے اور اب وہ آزاد کشمیر میں مذموم کارروائیوں کے لئے خصوصی سرجیکل سٹرائیکس فورسز تشکیل دینے کے منصوبے بنانے لگا ہے۔لہٰذا اب اُسے منہ توڑ جواب دیکر حدود میں رکھنے کا وقت آ گیا ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024