اتحاد بنانے کی ضرورت نہیں، زیرو جمع زیرو بھی صفر ہوتا ہے، حکومت مدت پوری کرے گی، انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے: شاہد خاقان
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت جون میں مدت پوری کرے گی اور اس کے بعد اگست میں عام انتخابات ہوں گے لیکن ملک کی سیاسی صورتحال کے دیکھتے ہوئے ایسا لگ رہا ہے کہ مخالفین الیکشن سے بھاگنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج بہت سے اتحاد کی خبریں آ رہی ہیں‘ زیرو جمع زیرو بھی زیرو ہی ہوتا ہے‘ موجودہ صورتحال میں اتحاد کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ھنگ میں ایل این جی پاور پلانٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ منصوبہ 80ارب کی لاگت سے 14 مہینے کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہو گا اور اس وقت بھی (ن) لیگ کی حکومت ہو گی۔ ان کا کہنا تھا دنیا میں کہیں اتنی کم مدت میں منصوبے مکمل نہیں ہوتے۔ جرمنی میں بھی اس طرز کے منصوبے 36 مہینوں میں مکمل ہوتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسی باتیں نہیں کرنا چاہتا جس سے لوگوں کی دل آزاری ہو‘ آج کل اتحاد بنائے جا رہے ہیں لیکن صفر جمع صفر ہمیشہ صفر ہی ہوتا ہے۔ اتنا کہتا ہوں کہ ہمارے خلاف اتحاد بنانے کی ضرورت نہیں کیونکہ حکومت جون میں مدت پوری کرے گی اور اس کے بعد دی گئی آئینی مدت میں عام انتخابات ہوں گے اور عوام اپنا فیصلہ سنائیں گے۔ امید ہے آئندہ عام انتخابات میں بھی عوام ہمیں ہی سرخرو کریں گے۔ انہوں نے کہا سیاسی مخالفین گالی گلوچ کرتے ہیں لیکن ہماری تربیت نوازشریف نے کی ہے جو نجی محفلوں میں بھی مخالفین کو گالیاں نہیں دیتے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا سب مل کرکوشش کریں کہ جمہوریت آگے بڑھے، فیصلوں کا اختیار عوام کے پاس ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا سی پیک پیپلزپارٹی کے دور میں بھی ہوسکتا تھا،گزشتہ حکومت نے کرائے پر بجلی گھر منگوائے اور ملک اربوں روپے کا مقروض ہوا۔ این آر او سے آئی حکومت کے دور میں یہ نہیں ہو سکتا تھا۔ سی پیک (ن) لیگ کے دورمیں اس لئے آیا کہ اس کو عوام کا اعتماد حاصل تھا، خوشی ہے کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے منصوبے لگا رہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوچکا ہے، بجلی چوروں کو بجلی کی فراہمی حکومت کی ذمے داری نہیں، جہاں بجلی کی چوری ہوگی۔ وہاں لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہم نے نہ صرف آج مستقبل کی بجلی ضروریات بھی پوری کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نہ ہوتے تو بجلی منصوبے جلدمکمل نہ ہو پاتے۔ 2030ءتک پاکستان کی بجلی کی ضروریات پر کام شروع ہو چکا ہے۔