تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ ن لیگ کے غنڈوں نے تین روز قبل ہی فساد برپا کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی رانا ثناءاللہ اور عابد شیر علی کو قتل کے الزام میں فوری گرفتار کیا جائے۔

09 دسمبر 2014 (18:33)

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعجاز چودھری نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کا تشدد کا ذہن پہلے ہی بنا ہوا تھا، وہ جرم میں شریک ہیں، انہوں نے ن لیگ کے غنڈوں کو تیار کیا کہ جہاں بھی تحریک انصاف کے کارکن احتجاج کریں ان پر دھاوا بول دیا جائے۔ اعجاز چودھری نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں پر سیدھی فائرنگ کی گئی، انہیں مقتول کارکن کی ایف آئی آر درج کرانے میں تین گھنٹے لگے ایف آئی آر کے مطابق رانا ثناءاللہ ، عابد شیر علی اور ڈی سی او فیصل آباد کو معطل کر کے فوری گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں جے یو آئی نے احتجاج کیا لیکن کسی پر تشدد نہیں کیا گیا،، ن لیگ ذہنی طور پر تشدد کی حامل جماعت ہے اور کسی دوسرے کو برداشت نہیں کر سکتی۔