وفاقی حکومت کا مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی قیادت سے آج رابطے کا امکان

09 دسمبر 2014

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وفاقی حکومت کی جانب سے عمران خان کو ”مذاکرات کی میز“ پر بٹھانے کے لئے تحریک انصاف کی قیادت سے آج رابطہ کرنے کا امکان ہے۔ وزراعظم محمد نوازشریف‘ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور وفاقی وزیر خزانہ و اقتصادی امور سینیٹر محمد اسحاق ڈار آج سرجوڑ کر بیٹھیں گے اور مذاکرات کےلئے حدود کا تعین کریں گے۔ ذرائع کے مطابق محمد اسحاق ڈار کا تحریک انصاف کی دوسرے درجے کی قیادت سے رابطہ ہے حکومت کی طرف سے باضابطہ طور پر مذاکرات کی دعوت دینے سے ان کی ایجی ٹیشن کی کال کو غیر م¶ثر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ فیصل آباد میں حکومت انتظامی اقدامات کے ذریعے عمران شو کو غیر م¶ثر بنانے کے لئے مسلم لیگی کارکنوں کو میدان میں لائی لیکن تصادم کی وجہ سے اپوزیشن کو حکومت پر تنقید کا موقع مل گیا ہے۔ مسلم لیگی کارکنوں کے جارحانہ طرز عمل نے حکومت کو دفاعی پوزیشن پر لاکھڑا کیا ہے۔فیصل آباد میں مزاحمت کرکے مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف کو یہ باور کرایا ہے کہ ان کو لاہور سمیت ہر شہر میں اسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑے گا۔فیصل آباد میں حکومت نے کم از کم طاقت کا استعمال کرکے عمران خان کے شو کو ناکام بنانے کی کوشش کی تاہم مسلم لیگی کارکنوں کو کھل کھیلنے کا موقع فراہم کیا ہے مسلم لیگی کارکنوں نے یہ ثابت کرانے کی کوشش کی کہ فیصل آباد مسلم لیگ کا شہر ہے ان کو قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی پیر کو لاہور مصروفیات کی وجہ سے کوئی مشاورتی اجلاس نہ ہو سکا۔ ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگست کے مقابلے میں دسمبر میں حکومت کی پوزیشن میں زمین آسمان کا فرق ہے حکومت کی پوزیشن انتہائی مستحکم ہے۔
حکومت/ امکان