گاڑیوں کی زد میں آ کر دو افراد ہلاک‘ دیگر حادثات میں چھ زخمی

09 دسمبر 2014

لاہور (نامہ نگاران) شہر میں ٹریفک حادثات کے مختلف واقعات میں دو افراد ہلاک جبکہ چھ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق یوحنا آباد کا رہائشی 40 سالہ یونس مسیح کو تیز رفتار ویگن نے کچل ڈالا۔ جس سے یونس مسیح موقع پر ہی ہلا ک ہو گیا جبکہ ڈرائیور ویگن سمیت فرار ہو گیا۔ غالب مارکیٹ کے علاقہ میں کار نے موٹرسائیکل سوار واجد اور جنید کو ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔ وحدت روڈ پر مزدا ٹرک نے پیدل سڑک عبور کرنے والے رحمت اور نیاز کو کچل کر زخمی کر دےا۔ جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثات میں ایک نوجوان ہلاک اور دو افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس چوکی کے قریب تیز رفتار کار نے سڑک عبور کرتے ہوئے نوجوان رفاقت کو روند ڈالا جو موقع پر ہلاک ہو گیا۔ شاہدرہ کے قریب کار کی سائیڈ لگنے سے راہگیر واصف شدید زخمی ہو گیا۔ جی ٹی روڈ پر گاڑی کی زد میں آ کر ایک خاتون زخمی ہو گئی۔