بیٹے کو اغوا کرنیوالا ساتھی سمیت گرفتار‘ اسلحہ برآمد

09 دسمبر 2014

لاہور (نامہ نگار) کوٹ لکھپت پولیس نے 12 سالہ لڑکے کو اغوا کرنے والے اس کے باپ کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ علی حمزہ کے والدین میں طلاق ہو چکی تھی اور وہ اپنی ماں کے ہمراہ رہتا تھا سکول جانے کیلئے کچا جیل روڈ پر جا رہا تھا کہ اسے مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔ سب انسپکٹر رانا خالد سلیم نے دیگر اہلکاروں محسن رضا وغیرہ کے ہمراہ تفتیش کی اور سی سی ٹی وی کیمرہ فوٹیج سے سراغ لگایا کہ بچے کو اس کا باپ مقبول احمد لیڈیز لباس میں ملبوس ہو کر ساتھیوں کے ہمراہ اغوا کر رہا ہے۔ جس پر پولیس نے ملزم مقبول احمد کو اس کے ساتھی شوکت علی گجر سمیت گرفتار کر کے بچے کو نشتر کالونی کے علاقہ سے بازیاب کرا لیا ہے۔ ملزموں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔