امریکہ اور پاکستان کے درمیان دفاعی مذاکرات آج سے دوبارہ شروع
واشنگٹن (آن لائن) امریکہ اور پاکستان کے درمیان دفاعی مذاکرات کا آج سے دوبارہ آغاز ہورہا ہے۔ مذاکرات دو روز تک جاری رہیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ (ر) جنرل عالم خٹک کی قیادت میں پاکستانی وفد امریکی وفد سے مذاکرات کررہا ہے۔ پاکستان امریکہ دفاعی مشاورتی گروپوں کے درمیان مذاکرات کا یہ 23 واں دور ہے۔ پاکستان کے سینئر سفارتی عہدیدار کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کافی حد تک کمی آئی ہے اور مذاکرات کا دوبارہ آغاز اس کشیدگی میں کمی کا نتیجہ ہے۔