افغان فورسز کا آپریشن،24گھنٹے کے دوران 19طالبان ہلاک کرنے کا دعویٰ

09 دسمبر 2014

کابل (نوائے وقت نیوز)افغان نیشنل فوسرز نے 24گھنٹوں کے دوران آپریشن میں 19طالبان ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔افغان میڈیا کے مطابق آپریشن میں 2مزاحمت کار زخمی بھی ہوئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا ۔ افغان سیکورٹی فورسز نے آپریشن میں بھاری اسلحہ ، ہتھیار اور 31مختلف اقسام کے بم بھی برآمد کر لئے ہیں ۔ افغان دارالحکومت کابل میں عراق اور شام میں سرگرم گروپ اسلامک سٹیٹ داعش کے ساتھ وابستگی رکھنے والے خفیہ گروپ میں شامل نوجوانوں نے کہا ہے کہ ان کے گروپ کے ساتھ نسبت رکھنے والے کئی طالب علم شام روانہ ہو چکے ہیں اور وہ اب اسلامک سٹیٹ کی صفوں میں شامل ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ اب تک صرف آٹھ طلبا اسلامک سٹیٹ میں شمولیت کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ افغانستان کے تعلیمی اداروں کے اندر کیفوں میں طلبا کھل کر اسلامک سٹیٹ کے بارے میں گفتگو کرتے ہیں۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ افغانستان و پاکستان کے سرحدی علاقوں میں انتہا پسندانہ عقیدہ رکھنے والے متحرک کئی عسکریت پسندوں نے پہلے ہی اسلامک سٹیٹ کی بیعت کا اعلان کر دیا ہے۔چند مقامی طالبان کمانڈروں نے اسلامک سٹیٹ کے سینیئر ارکان کے ساتھ ملاقاتیں بھی کی ہیں۔