معرف صحافی ترقی پسند مزدور رہنما کامریڈ عبدالرئوف وارثی سویڈن میں انتقال کر گئے

09 دسمبر 2014

کراچی(این این آئی) معروف صحافی اور ترقی پسند مزدور رہنما کا مریڈ عبدالرئوف وارثی گزشتہ شب طویل علالت کے بعد سویڈن میں انتقال کر گئے۔ رئوف وارثی ترقی پسند نظریات رکھنے والی ایک جماعت کے اہم رکن تھے۔ وہ کئی عرصے تک پاکستان میں تبدیلی کی جدو جہد کرتے رہے۔ رئوف وارثی کا شمار اپنے دور کے بڑے صحافیوں میں ہوتا تھا۔ پاکستان میں سویت یونین کے سفارت خانے کے زیر اہتمام نکلنے والے رسالے ’’ طلوع‘‘ کے ایڈیٹر بھی رہے ہیں۔ 67 میں ہونے والی مزدور تحریک کے نتیجے میں کامریڈ عبدالرئوف ، محمد یامین، ایس پی لودھی سمیت دیگر کو شہر بدر کر دیا گیا۔ ضیاء الحق کے دور حکومت میں ان پر کئی مقدمات بھی بنائے گئے ۔ جس کی وجہ سے رئوف وارثی اکثر جیلوں میں بھی رہے جن میں شاہی قلعہ اور لائل پور کی جیلیں بھی شامل ہیں۔ بعد ازاں ضیا حکومت نے ان پر غداری کا مقدمہ دائر کر دیا جس کے باعث انہوں نے طویل رو پوشی کی زندگی گزاری پھر وہ پاکستان سے افغانستان منتقل ہو گئے۔ وہاں بھی وہ اجمل خٹک اور افراسیاب خٹک کے ساتھ مل کر پاکستان میں تبدیلی لانے کی جدو جہد کرتے رہے۔1985ء میں رئوف وارثی اپنی فیملی کے ساتھ افغانستان سے سویڈن منتقل ہو گئے۔