حضرت بہاء الدین زکریاؒ کا عرس آج سے شروع‘ شاہ محمود‘ امین الحسنات غسل دینگے

09 دسمبر 2013
حضرت بہاء الدین زکریاؒ کا عرس آج سے شروع‘ شاہ محمود‘ امین الحسنات غسل دینگے

ملتان (نامہ نگار خصوصی) جنوبی ایشیاء کے عظیم روحانی پیشوا شیخ الاسلام حضرت غوث بہاء الدین زکریا سہروردی ملتانی کے 774 ویں عرس کی سہ روزہ تقریبات آج 9 دسمبر پیر سے دربار عالیہ واقع قاسم باغ ملتان میں روایتی جوش و جذبے اور عقیدت واحترام سے شروع ہو رہی ہیں۔ تقریبات کا آغاز پہلے روز دس بجے دن تقریب غسل سے ہوگا جو درگاہ کے سجاد نشین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی اور وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور اور سجادہ نشین بھیرہ شریف‘ پیر محمد امین الحسنات شاہ سرانجام دیں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف میاں عطا محمد مانیکا صوبائی سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز اور مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے۔ غسل کے فوراً بعد محکمہ اوقاف پنجاب اور پاکستان زکریا اکیڈمی کے اشتراک سے سالانہ قومی زکریا کانفرنس کی پہلی نشست سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی کی صدارت میں منعقد ہو گی۔ کانفرنس سے وفاقی وزیر مملکت مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ‘ سابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی‘ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی نائب صدر مفتی ہدایت اﷲ پسروری‘ پیر سید محمد رمضان شاہ فیضی‘ مولانا محمد فاروق خان سعیدی اور ڈاکٹر محمد حسین آزاد‘ حضرت شیخ الاسلام کی مذہبی ‘ دینی‘ تعلیمی اور روحانی خدمات پر خطاب کریں گے۔ رات کو محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام کل پاکستان محفل حسن قرأت و نعت خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔