ٹیکس گزارتاجروں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کئے جائینگے: رانا رفیق

09 دسمبر 2013

ملتان (جنرل رپورٹر) مرکزی انجمن تاجران کنٹونمنٹس کے عہدیداران کے ساتھ منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ بورڈ ملتان رانا رفیق خان نے کہا ہے کہ کینٹ بورڈ ٹیکس گزار شہریوں و تاجروں کو اعتماد میں لیکر فیصلے کئے جائینگے اور شکایات کا فوری ازالہ نہ کرنے والے بورڈ ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ بازار ایریا و رہائشی علاقوںمیں سیوریج و صفائی کے حوالہ سے خصوصی اقدامات کر دئیے گئے ہیں۔ ملتان کینٹ کی تعمیر و ترقی کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ تاجروں کو چاہئے کہ ریونیو میں اضافہ اور واجبات و بقایا جات کی فوری ادائیگی کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔ اس دوران وائس پریذیڈنٹ کینٹ بورڈ حاجی فضل حسین خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کینٹ کے رہائشیوں اور تاجروں کے مفاد اور سہولیات کیلئے کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر کی پالیسیاں مثبت ہیں۔ مرکزی انجمن تاجران کنٹونمنٹس کے سربراہ ملک نذیر اعوان‘ چیئرمین مجلس عاملہ شیخ اقبال حسین‘ چیف کوارڈینیٹر غضنفر ملک اور سینئر نائب صدر حاجی عبدالطیف انصاری نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ تاجر برادری نے مسائل کے حل کیلئے تصادم اور محاذ آرائی کی بجائے ہمیشہ مذاکراتی عمل کو ترجیح دی ہے۔