سستے بازاروں میں اشیاء وافر مقدار میں فراہم کردیں: ڈی سی او
ملتان (خبرنگار خصوصی )ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن آفیسر ملتان زاہد سلیم گوندل نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہبازشریف کی ہدایت پر سستے بازاروں میں وافر مقدار میں اشیاء خورد و نوش فراہم کر دی گئی ہیں جنہیں شہری مارکیٹ ریٹ سے کم قیمت پر خرید سکتے ہیں اشیاء خورد نوش کے معیار اور کوالٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور اعلیٰ معیارکی اشیاء شہری بلا تردد خرید سکتے ہیں انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ممتاز آباد اور مدنی چوک نیو ملتان میں قائم کئے گئے سستا بازاروں کے دورے کے موقع پر کیا ۔ڈی سی او کے ہمراہ ای ڈی او زراعت سردار اکبر علی ، چیئر مین مارکیٹ کمیٹی امتیاز گلزار چٹان ، اسسٹنٹ کمشنر صدر شکیل احمد بھٹی ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اعجاز سلیم بھٹی ، ٹی ایم او ممتاز آباد ٹائون حبیب الرحمن ، ٹی ایم او شاہ رکن عالم ٹائون عبدالخالق بھی تھے ۔ ڈی سی او نے کہا کہ عوام کے لئے قائم کئے گئے سستا بازاروں کو وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک فلو جاری رہے اور انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کر نا پڑے ۔ زاہد سلیم گوندل نے اوزان کو بھی چیک کیا اور صاف ستھرے اور شفاف انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کو شاباش بھی دی ۔ انہوں نے اس موقع پر ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ مدنی چوک نیو ملتان میں قائم سستا بازار کو اگلے جمعہ سے مدنی چوک کے سامنے پلاٹ میں شفٹ کر دیا جائے تاکہ پاسپورٹ آفس سے ملحقہ روڈ پر ٹریفک فلو متاثرنہ ہو ‘ بعد ازاں ڈی سی او نے سستا بازاروں میں آٹا کے تھیلوں کا از خود وزن چیک کیا جو معیاری تھا اور وزن 100گرام زائد تھا جس پر ڈی سی او زاہد سلیم گوندل نے ضلعی افسران کو شا باش دی ۔ دریں اثنا ڈی سی او زاہد سلیم گوندل نے سستا بازاروں میں خریداری کے لئے آئے شہریوں سے بازاروں بارے کئے گئے اقدا مات اور اشیاء خوردنوش کی فراہمی کے متعلق خود معلو مات بھی لیں ۔