تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن میں کلین سویپ کریگی:ظہیر الدین علیزئی

09 دسمبر 2013

ملتان (جنرل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی ظہیر الدین خان علیزئی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی جانب سے حلقہ بندیوں میں کی جانے والی دھاندلیوں کے باوجود تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کرے گی اور پولنگ بوتھ پر عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ امیدواران اور کارکنان عوامی رابطوں کو مزید تیز کر دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل 5وحدت کالونی میں شیخ راشد الیاس کی رہائش گاہ پر بلدیاتی الیکشن کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر ریواڑی برادری کے نواب علی کو چیئرمین اور مرزا نعیم بیگ کو وائس چیئرمین منتخب کیا گیا تقریب میں امیدواران جنرل کونسلر نے لیبر کونسلرز‘ یوتھ کونسلرز اور لیڈی کونسلرز نے بھی شرکت کی۔