سندھ دھرتی کا پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم ترین کردار ہے‘ علی اکبر گجر
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکرٹری سلیم ضیاءصوبائی سیکرٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے ایک مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ سندھ دھرتی کا پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم ترین کردار رہا ہے۔ سندھی ٹوپی اور اجرک سندھ میں بسنے والے ہر پاکستان کی پہچان ہے۔ میاں محمد نواز شریف کی کوششوں سے سندھی ٹوپی اور اجرک پہننے والوں کا وقار بھی بلند ہوگا اور سندھ کے نوجوان پاکستان کی خوشحالی کے لئے اہم کردار بھی ادا کریں گے۔ سندھ کی ثقافت پاکستان کے تمام صوبوں کے رہنے والوں کےل ئے بھی فخر کا باعث ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن ملک کی اقتصادی معاشی اور ثقافتی تقدیر سنوارنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ وفاقی حکومت کے اقدامات ملک میں خوشحالی کا انقلاب لائیں گے ہمارے اقدامات نمائشی نہیں ہوتے۔ میاں محمد نواز شریف جب بھی حکومت میں آئے پاکستانی قوم کے قدم ترقی کی جانب بڑھے ہیں۔ صوبائی جنرل سیکرٹری سلیم ضیاءنے کہا کہ میں محمد نواز شریف نے سندھ کے نوجوانوں کو صوبے کے اہم ثقافتی دن کے موقع پر یوتھ بزنس لون کے تحفے کا اعلان کرکے اجرک اور سندھی ٹوپی کے ساتھ اپنی محبت کا کھل کر اظہار کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن پاکستان کی تمام ثقافتوں کو پروان چڑھانے کے لئے ہر صوبے کی مکمل معاونت پر یقین رکھتی ہے۔ سندھ میں پھلنے پھولنے والی تمام ثقافتوں کی ترویج و ترقی کے لئے ہماری جماعت کی کوشش کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے سندھی تہذیب و ثقافت کو پاکستان کی شناخت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اجرک اور سندھی ٹوپی کے ساتھ ساتھ صوبے کی ترقی و خوشحالی پر توجہ دیکر ہی ہم اجرک اور سندھی ٹوپی کی لاج رکھ سکتے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے اپنے انتخابی منشور میں ملک کی تمام جغرافیائی اکائیوں کی ثقافت اور تاریخی ورثوں پر خصوصی توجہ کا وعدہ کیا تھا جس کے لئے وفاقی حکومت ہر صوبے کی تجاویز پر پوری طرح عمل پیرا ہے۔ سندھی کلچر نہ صرف سندھ کے بسنے والوں کی میراث ہے بلکہ سندھ کی ثقافت ہر پاکستانی کا فخر بھی ہے ہمیشہ کی طرح اس سال بھی پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنان اور رہنما بھی سندھ بھر میں اپنے ہم وطنوں کو اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ دیکر سندھ ثقافت ڈے میں شامل ہوچکے ہیں۔
علی اکبر گجر