فرقہ واردیت کی آگ کے سدباب کیلئے اقدامات کئے جائیں: ملی مجلس شرعی

09 دسمبر 2013

لاہور(خصوصی نامہ نگار)تمام مکاتب فکر پر مشتمل ملی مجلس شرعی نے مطالبہ کیاکہ فرقہ وارانہ وارداتوں اور منصوبہ کے تحت لگائی جانے والی آگ کے سدباب کے لیے اقدامات کیے جائیں، تمام مکاتب فکر کے علماء کی مشاورت سے تیار کردہ ضابطہ اخلاق کوعملی طور پر نافذ کیا جائے، ملک میں فرقہ واریت کو پھیلانے میں غیر ملکی ہاتھ بھی ہے حکومت اس پہلو کی بھی تحقیقات کرے ۔ ملی مجلس شرعی کا اتوار کے روز ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ صورتحال اور فرقہ واریت کے حوالے ٹارگٹ کلنگ کے بارے میں خصوصی طور پر غور کیا گیا ۔اجلاس میں ملی مجلس شرعی کے صدر مفتی محمد خان قادری، سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد امین، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، مولانا رغب حسین نعیمی، مولانا امیر حمزہ، حافظ عبدالغفارروپڑی، مولانا امجد خان، مولانا حسین اکبر سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ تمام دینی جماعتیں حسب سابق فرقہ واریت کی آگ بجھانے کے لیے متحد ہو جائیں۔