بھتہ خوروں اور پولیس کے خلاف مظاہرہ‘ فیروز پور روڈ پر ٹریفک جام
لاہور (نامہ نگار) کوٹ لکھپت کے رہائشیوں نے بھتہ خوروں اور ان کی پشت پناہی پر پولیس افسران کے کیخلاف فیروز پور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جس سے ٹریفک بلاک ہو گئی۔ مدینہ ٹائون عقب جنرل ہسپتال کے رہائشیوں حبیب اللہ شاہین، ندیم، بابر حسین، رزاق دائود، اسلم، عاشق، عامر الطاف سمیت سینکڑوں رہائشیوں نے کہا کہ غنڈہ عناصر شہریوں کو بلیک میل کر کے ان سے لاکھوں روپے بھتہ وصول کر چکے ہیں۔ شکایت پر پولیس شہریوں کی تذلیل کرتی ہے۔ اے ایس پی سید کرار حسین کی طرف سے انصاف کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔