مختلف وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی، موبائل فون، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سے محروم

09 دسمبر 2013

لاہور (سٹاف رپورٹر) چوری و ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی، موبائل فون، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سے محروم کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وحدت کالونی کے علاقہ میں ڈاکوئوں نے شہری رزاق سے 10 ہزار موبائل فون چھین لیا اور مزاحمت کرنے پر اسے تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا۔ شاہدرہ میں ڈاکوئوں نے یاسر کے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 8لاکھ، ستوکتلہ میں ذیشان کے گھر سے 7لاکھ، نواب ٹائون میں شاہ زیب کے گھر سے 4 لاکھ، اچھرہ میں دلاور کے گھر سے 4 لاکھ، شفیق آباد میں جاوید کے گھر سے 3 لاکھ، باغبانپورہ میں قیصر کے گھر سے 3 لاکھ، شادباغ میں اجمل کے گھر سے اڑھائی لاکھ، شیراکوٹ میں سعید کے گھر سے 2لاکھ، جوہر ٹائون میں عظیم کی فیملی سے 1لاکھ، اسلام پورہ میں ایوب کی فیملی سے ایک لاکھ، اقبال ٹائون میں نیاز کی فیملی سے ایک لاکھ، سبزہ زار میں رفاقت کی فیملی سے ایک لاکھ، بادامی باغ میں وحید سے 50ہزار، شاہدرہ ٹائون میں صداقت سے 50 ہزار، مسلم ٹائون میں ذوالفقار سے 50 ہزار، فیصل ٹائون میں انجم سے 30 ہزار، نشتر کالونی میں فرزند سے 20 ہزار کی نقدی، زیورات‘ موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان چھین لیا۔ جنوبی چھائونی میں اختر، نواب ٹائون میں جاوید، شادمان میں اویس کی گاڑیاں جبکہ وحدت کالونی میں اشفاق، راوی روڈ میں دانش، لوئر مال میں لیاقت اور نصیر آباد میں فیضان کی موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔ دریں اثناء کاہنہ سے نامہ نگار کے مطابق سرائچ گاؤں کے رہائشی رفیق کے اہلخانہ کو ڈاکو ایک کمرے میں بند کر کے ڈھائی لاکھ روپے‘ ساڑھے سات تولے طلائی زیورات پانچ موبائل فون لے گئے۔ رائے ونڈ سے نامہ نگار کے مطابق حکیم مولانا محمد عثمان کے گھر سے چور طلائی زیورات اور 20 ہزار روپے لے گئے۔