نندی پور پاور پلانٹ کے قریب جھاڑیوں میں اچانک آگ لگ گئی

09 دسمبر 2013

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) نندی پور پاور پلانٹ کے قریب شارٹ سرکٹ کے باعث جھاڑیوں میں لگنے والی آگ پر ریسکیو اہلکاروں نے طویل جدوجہد کے بعد قابو پا لیا۔ بتایا گیا ہے نندی پور پاور پلانٹ سے تقریباً 400 میٹر کے فاصلہ پر واقع جھاڑیوں میں اچانگ آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے جنگل نما جھاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملنے پر انٹی فائر سکواڈ اور ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جھاڑیوں میں آگ اوپر سے گزرنے والے بجلی کے ہیوی تاروں میں شارٹ سرکٹ کے باعث چنگاریاں نیچے گزرنے سے لگی جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ذرائع سے معلوم ہوا خفیہ ادارے نے ایک ماہ قبل ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا اور نندی پور پاور پلانٹ کے قریبی علاقے میں گھنی جھاڑیوں کو ممکنہ خطرات کا باعث قرار دیا تھا۔ خےال کیا جاتا ہے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لاپرواہی کا مظاہرہ کیا گیا۔
نندی پور/ آگ