رائیونڈ اور مانگا میں ٹریفک حادثات‘ ماں بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق
لاہور + مانگا منڈی + رائیونڈ (نامہ نگاران + خصوصی نامہ نگار) ٹریفک حادثات میں ماں بیٹے سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق رائیونڈ کے علاقہ کنگرہ گاؤں کے قریب کاہنہ کا رہائشی محمد شاہد اپنی والد ہ جمیلہ بی بی کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ تیز رفتار ٹرالے نے کچل ڈالا۔ جس سے دونوں ماں بیٹا موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ڈرائیور ٹرالہ چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ماں بیٹا کے حوالے کر دیں۔ نعشیں گھر پہنچنے پر کہرام برپا ہو گیا۔ ورثاء نعشوں سے لپٹ کر دھاڑیں مار کر روتے رہے۔ دریں اثناء شامکے بھٹیاں کا رہائشی وقار موٹرسائیکل پر دو رشتہ دار خواتین کے ساتھ بھائی پھیرو سے آ رہا تھا کہ مانگا منڈی بائی پاس کلمہ چوک پہنچا تو سڑک کنارے کھڑی مزدا گاڑی سے زور سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھ بیٹھی دو خواتین شدید زخمی ہو گئیں۔ علاوہ ازیں تحریک دعوت اسلامی کی مجلس نشر و اشاعت لاہور ڈویژن کے نگران محمد عثمان عطاری ٹریفک حادثہ میں شدید زخمی ہو گئے۔دریں اثناء جوہر ٹاؤن کے علاقہ میں تیز رفتاری کے باعث 5 گاڑیاں ٹکرانے سے کار سوار اداکار عاصم اور شہری اویس زخمی ہو گئے۔