بلاول عملی سیاست میں آچکے‘ پارٹی نے فیصلہ کیا تو الیکشن لڑا دیں گے: قائم شاہ
بلاول عملی سیاست میں آچکے‘ پارٹی نے فیصلہ کیا تو الیکشن لڑا دیں گے: قائم شاہ
لاڑکانہ (نوائے وقت نیوز + اے پی پی) وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو عملی سیاست میں قدم رکھ چکے ہیں۔ پارٹی نے فیصلہ کیا تو انہیں کسی بھی حلقے سے ضمنی الیکشن لڑائیں گے۔ گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن ایک ہفتے میں کرائے جا سکتے ہیں مگر صوبائی حکومت جلدبازی نہیں کرنا چاہتی اور مخالفین کو بھی الیکشن کی تیاری کا پورا موقع دینا چاہتے ہیں۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال 25 سال سے خراب ہے‘ لیکن اب سیاسی جماعتوں کے تعاون سے اس میں بہتری آرہی ہے۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ پنجاب‘ خیبر پختونخوا اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ ایک ساتھ مارچ کے مہینے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے تاکہ تمام تیاریاں مکمل کی جا سکیں۔ سید قائم علی شاہ نے مزید کہا کہ بلدیاتی ایکٹ کوئی خدائی قانون نہیں کہ تبدیل نہ کیا جا سکے۔ جب ملک کے آئین میں اٹھارہویں‘ انیسویں اور بیسویں ترمیم کی جا سکتی ہے تو بلدیاتی قانون میں بھی مثبت تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے باعث امن و امان کی صورتحال بہتر ضروری ہوئی ہے جس کا اعتراف مخالفین بھی کر رہے ہیں۔ کراچی کے حالات 25 سے 30 سالوں سے خراب ہیں‘ دو ماہ میں ٹھیک نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی پیپلزپارٹی کی سابق چیئرپرسن شہید محترمہ بینظیربھٹو کی برسی 27 دسمبر کو عقیدت اور احترام سے منائی جائے گی جبکہ اس موقع پر منعقدہ جلسے سے پارٹی کے سرپرست بلاول بھٹو زرداری‘ سابق صدر آصف علی زرداری و دیگر بھی شرکت کریں گے۔
قائم علی شاہ