وفاقی حکومت نے مردم شماری کو مشترکہ مفادات کونسل کے ایجنڈا میں شامل کر لیا

09 دسمبر 2013

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی حکومت نے مردم شماری کے انعقاد کی منظوری کے لئے 3 سال سے زیرالتوا معاملہ کو ترجیحی بنیادوں پر مشترکہ مفاد کونسل کے ایجنڈا میں شامل کر لیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے مردم شماری کے انعقاد کے حوالے سے رائے طلب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے آبادی کا درست اندازہ لگانے کے لئے مردم شماری کرانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے حکومت نے مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں ملک میں مردم شماری کے انعقاد کی منظوری کے لئے کونسل کے ایجنڈا میں مردم شماری کو ترجیحی ایجنڈا کے طور پر رکھ لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم میاں نواز شریف، کونسل کے ارکان، چاروں وزرائے اعلیٰ سے مردم شماری کے انعقاد کے حوالے سے رائے طلب کریں گے۔ واضح رہے کہ 2010 میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت مشترکہ مفاداتی کونسل نے مردم شماری کے انعقاد کی منظوری دی تھی جو بعد ازاں ناساز ملکی سیاسی صورتحال اور بدامنی کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی تھی۔
مردم شماری