امریکی وزیر دفاع آج پاکستان پہنچیں گے نوازشریف سے افغانستان کے مسئلے پر بات ہو گی

09 دسمبر 2013
امریکی وزیر دفاع آج پاکستان پہنچیں گے نوازشریف سے افغانستان کے مسئلے پر بات ہو گی

واشنگٹن (رائٹر/ اے ایف پی) امریکی وزیر دفاع چک ہیگل وزیراعظم محمد نوازشریف سے مذاکرات کے لئے آج اسلام آباد پہنچیں گے۔ پینٹاگون کے ترجمان کارل ووگ کے مطابق گذشتہ چار سال میں پینٹاگون کے سربراہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چک ہیگل نے دورہ واشنگٹن کے دوران نوازشریف سے ملاقات کی اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لئے اپنے اہم سکیورٹی شراکت دار پاکستان سے مثبت اور تعمیری مذاکرات کے لئے یہ سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ چک ہیگل کے دورہ پاکستان کا اس وقت اعلان کیا گیا ہے جب انہوں نے دورہ افغانستان کے دوران قندھار میں امریکی فوجیوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ چک ہیگل نوازشریف اور دیگر رہنمائوں سے مستحکم افغانستان کے معاملے پر بات چیت کرینگے۔ اے ایف پی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ڈرون حملوں کے حوالے سے تعلقات میں کشیدگی ہے۔ امریکہ طورخم کے راستے افغانستان میں نیٹو کے لئے فوجی سپلائی معطل کر چکا ہے۔چک ہیگل وزیراعظم نوازشریف کے علاوہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف‘ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کیساتھ بھی ملاقاتیں کرینگے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں قیام کے دوران وہ پاکستان امریکہ دفاعی تعلقات‘ خطے میں سلامتی کی صورتحال‘ افغانستان کے حالات‘ نیٹو سپلائی‘ کولیشن سپورٹ فنڈ کے رکے ہوئے بقایا جات اور فوجی امداد سمیت اہم موضوعات پر بات چیت کریں گے۔ ایک ذریعہ کے مطابق امریکی وزیر دفاع ڈرون حملوں کی پالیسی میں ممکنہ تبدیلی کے بارے میں پاکستانی قیادت کو اعتماد میں لینے  کی کوشش کریں گے‘ واضح رہے کہ سی آئی اے ڈرون حملے کرتی ہے لیکن اب یہ معاملہ امریکی وزارت دفاع کو سونپے جانے کی اطلاعات ہیں۔