گیس منصوبے پر مذاکرات آ ج تہران میں ہونگے‘ پاکستان قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کریگا

09 دسمبر 2013

تہران (آن لائن) پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل سے متعلقہ امور طے کرنے کیلئے دونوں ملکوں کے اعلی حکام کے درمیان ملاقات (آج ) پیر کو تہران میں ہوگی۔ پاکستان منصوبے کی تکمیل کی مقررہ مدت میں توسیع اور گیس کی قیمتوں میں کمی پر ایران سے بات کرے گا۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران اور پاکستان کے درمیان اربوں ڈالر مالیت کے گیس پائپ منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے ملاقات میں بات چیت کی جائے گی جبکہ ان مذاکرات میں پاکستان منصوبے کی تکمیل کی ڈیڈ لائن میں توسیع اور گیس کی قیمتوں میں کمی پر بات چیت کرے گا۔ ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں بڑے پیمانے پر مدد ملے گی اسلئے پاکستان منصوبے سے بھارت کے نکل جانے کے بعد ایرانی گیس کی قیمتوں میں کمی پر زور دے رہا ہے۔