آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں نے ایرانی جوہری تنصیبات کا معائنہ مکمل کر لیا
تہران (اے پی پی + اے ایف پی) عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی (آئی اے ای اے) کے معائنہ کاروں کی ٹیم نے ایرانی جوہری تنصیبات کا معائنہ مکمل کر لیا ہے۔ ٹیم (آج) پیر کو واپس جائے گی۔ اتوار کو ایرانی ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے کہا ہے کہ جوہری توانائی کے عالمی ادارے کے معائنہ کاروں کی ایک ٹیم جنیوا معاہدے کے بعد ایران آئی ہے جس نے ارک اور دیگر جوہری مقامات کا معائنہ کیا ہے۔ معائنہ کاروں نے پہلے مرحلے میں یورنیم افزودگی کے علاوہ مختلف ایٹمی مشنری کا جائزہ لیا ہے۔ ٹیم دوبارہ بھی ایران آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت عالمی معائنہ کاروں سے بھرپور تعاون کر رہی ہے اور انہیں تمام مطلوبہ مقامات پر معائنے کے لئے رسائی دے رہی ہے۔ ہم گزشتہ ماہ جنیوا میں طے پانے والے معاہدے کی مکمل پاسداری کر رہے ہیں۔