پہلے بلائنڈ ورلڈ ٹی 20 میں فتوحات کا تسلسل برقرار‘ پاکستان نے بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پہلے ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے شکست سے دوچار کرکے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا۔ بنگلور میں جاری ٹورنامنٹ میں گذشتہ روز میچ میں پاکستان ٹیم نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بنگلہ دیش ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر صرف 91 رنز بنا سکی۔ جس میں بہادر کمار 20 اور رضا نے 12 نمایاں رنز بنائے۔ جواب میں پاکستانی بلائنڈ ٹیم نے ہدف صرف پانچ اوورز میں بغیر کسی نقصان کے پورا کر لیا۔ علی مرتضٰی نے 56 اور محمد ایاز نے 22 نمایاں رنز بنائے۔ آخر میں محمد ایاز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان بلائنڈ ٹیم اپنا ساتواں میچ آج سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔