نماز اور قرآن شفا ءکا خزانہ(۱)

مسلمان کو سب سے پہلے جو چیز اپنے خالق و مالک کی عبادت کی طرف متوجہ کرتی ہے وہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے اپنے بندے کے دل میں محبت کا احساس اور اللہ تعالی کی طرف سے نیکی کی توفیق ملنا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے : اللہ تعالیٰ جس کا سینہ اسلام کے لیے کھول دیتا ہے اس میں نور الٰہی پیدا ہو جاتا ہے۔سورہ ابراہیم میں ارشاد باری تعالیٰ ہے یہ کتاب جس کو ہم نے تمہاری طرف نازل کیا تاکہ تم لوگوں کو تاریکی سے نکال کر روشنی کی طرف لاﺅ۔ اپنے رب کے حکم سے اس کی راہ کی طرف جو عزت والا سب خوبیوں والا ہے۔
 حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جب اللہ تعالی بندے کے دل میں اپنا نور داخل کر دیتا ہے تو دل میں وسعت اور انشراح پیدا ہو جاتا ہے۔ 
نماز پڑھنے اور قرآن مجید کی تلاوت کرنے کی توفیق مل جانا اللہ تعالی کی طرف سے بہت بڑا احسان ہے۔ نماز اور قرآن پڑھنے سے نہ صرف نیکیاں ملتی ہیں بلکہ اس سے بندے کو ظاہری اور باطنی بیماریوں سے شفاءبھی حاصل ہوتی ہے۔ قرآن مجید مردہ دلوں کے لیے آب حیات اور پژمردہ دلوں کے لیے طمانیت بخشش ہے۔ لوگوں کو اللہ تعالی کے احکام سے تاریکی سے نکال کر روشنی کی طرف لاتا ہے اور سیدھی راہ دکھاتا ہے۔ جس کی بات اس کے مطابق ہو وہ سچا ہے اور جو اسکے احکام کے مطابق چلتا ہے وہ کامیاب ہے۔ اور جو قرآن کے احکام کے مطابق فیصلہ دیتا ہے وہ عادل اور انصاف پر ہے۔ اور جو اس کی دعوت دیتا ہے وہ سیدھے راستے کی دعوت دینے والا ہے۔ 
صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اپنی زندگیوں کو قرآنی احکام کے مطابق بسر کرتے گویا کہ وہ جیتا جاگتا قرآن ہوں۔ وہ قرآن مجید کی تلاوت کرتے اور اس کے معانی و مطالب پر غورو فکر کرتے اور اسی کی طرف دعوت دیتے۔ جب عذاب والی آیتوں کی تلاوت کرتے تو ان کے دل ڈر جاتے اور جب اللہ تعالیٰ کی رحمت والی آیات کی تلاوت فرماتے تو ان کے دل روشن ہو جاتے۔ 
ارشاد باری تعالیٰ ہے : ” لوگو تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے نصیحت آ گئی ہے یہ وہ چیز ہے جو دل کے امراض کے لیے شفاءہے اور جو اسے قبول کر لیں ان کے لیے رہنمائی اور رحمت ہے “۔ (سورة یونس )۔
سورة بنی اسرائیل میں ارشاد باری تعالیٰ ہے : ” ہم اس قرآن کے سلسلہ تنزیل میں وہ کچھ نازل کر رہے ہیں جو ماننے والوں کے لیے شفا ءاور رحمت ہے “۔ 
اما م رازی رحمة اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں، قرآن روحانی بیماریوں کے لیے شفاءہے اور جسمانی بیماریاں بھی اس سے دور ہوتی ہیں۔ یہ انسان کے فاسد خیالات اور باطل عقائد کی اصلاح کرتا ہے اور اچھے اخلاق کی تعلیم دیتا ہے۔ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا : بہترین دوا قرآن ہے۔

ای پیپر دی نیشن