شہداء آٹھ اگست کا خون رائیگاں نہیں جائے گا: شفیق الرحمن مینگل
خضدار(نامہ نگار)جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ میر شفیق الرحمن مینگل نے سانحہ 8 اگست میں جام شہادت نوش کرنے والے وکلاء برادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ آٹھ اگست سول ہسپتال کے شہداء کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہے، بزدل دہشت گردوں نے ہمارے معاشرے کے پڑھے لکھے اور باشعور طبقے کو بربریت کا نشانہ بناتے ہوئے ہمارے دلوں پر وار کیا۔عدل و انصاف کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہداء آٹھ اگست کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا۔میر شفیق الرحمن مینگل نے مزید کہا کہ آٹھ اگست کو کوئٹہ میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جس سے ہم اپنے درجنوں ماہر قانون سے محروم ہوئے جس کا ازالہ کبھی نہیں کیا جاسکتا۔معاشرے میں حقوق و فرائض کے احساس کو اجاگر کرنے اور عدل و انصاف تک رسائی کو ممکن بنانے میں وکلاء برادری کا کلیدی کردار ہے۔