کرنٹ لگنے کے واقعات کاکے الیکٹرک کے انفراسٹرکچر سے تعلق نہیں
کراچی(کامرس رپورٹر)پریس کو جاری کردہ بیان میں، کے الیکٹرک نے حالیہ مون سون اسپیل کے دوران مقامی میڈیا کی جانب سے رپورٹ کئے گئے کرنٹ لگنے کے افسوسناک واقعات پر شدیددکھ کا اظہار کیا ہے۔ایک ذمہ دار کارپوریٹ ادارے کی حیثیت سے، کے الیکٹرک شہریوں کی خیر و عافیت کیلئے بارشوں سے متعلق احتیاطی اور حفاظتی پیغامات باقاعدگی سے جاری کرتا رہا ہے۔تاہم ادارے نے 7 اور 8 اگست کے درمیان رپورٹ ہونے والے کرنٹ لگنے کے 9حادثات پر شدیدتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعات پانی کی موٹر،بجلی کے انفراسٹرکچر پرنصب دیگرناقص وائرز جن کا تعلق کے الیکٹرک سے بالکل نہیں اور غیر قانونی کنڈوں کے استعمال کی وجہ سے پیش آئے ہیں۔ ترجمان کے الیکٹرک نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں واضح کیا ہے کہ کرنٹ لگنے کے واقعات کا کے الیکٹرک کے انفراسٹرکچر سے کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یہ کہا ہے کہ پاور یوٹیلیٹی لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔کے الیکٹرک نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ انسانی جان کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے پاور یوٹیلیٹی نے سیفٹی سے متعلق آگاہی پیغامات بھی جاری کئے ہیں جن میں شہریوں کو پاور انفراسٹرکچر سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔کے الیکٹرک اندرونی ناقص وائرنگ اور غیر قانونی تعمیرات سے متعلق درپیش خطرات کے بارے میں الیکٹریکل انسپکٹر کو متعدد بار خط لکھ چکی ہے جبکہ اس حوالے سے حالیہ خط جون کے شروع میں لکھا تھا۔