سانحہ کوئٹہ کے شہداء کیلئے ملتان میںدعائیہ تقریب ، خانیوال میںوکلاء کی ہڑتال
ملتان،خانیوال (سپیشل رپورٹر،خبرنگار)کوئٹہ بم دھماکے میں چند عرصہ قبل شہید ہونے والے وکلاء کی یاد میں ڈسٹرکٹ بار ملتان کی جانب سے دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے صبر و جمیل کے لئے دعا کرائی گئی۔ وکلاء نے واقعہ میں ملوث ملزمان کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔چار سال قبل کوئٹہ بم دھماکے میں 62 وکلاء شہید ہوئے تھے۔وکلا کا کہنا تھا کہ حکومت دھماکہ کرنے والے دہشت گردوں کو نہیں پکڑ سکی،وکلاء میں صدر ڈسٹرکٹ بار عمران رشید سلہری، جنرل سیکرٹری غلام نبی طاہر چوہان، سابق صدر ناظم خان، محبوب سندیلہ، ممبر پنجاب بار سلیم رضا راں، وقاص ارشد چھجڑا سمیت دیگر شامل تھے۔خانیوال سے خبرنگار کے مطابق پاکستان بارکونسل کی اپیل پر سانحہ کوئٹہ بار کے حوالے سے ڈسٹرکٹ بار میں مکمل ہڑتال رہی ۔وکلاء عدالتوںمیں پیش نہیں ہوئے۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری منیب احمد خان ڈاہا نے کہاکہ کوئٹہ بار بم دھماکہ کا سانحہ ملکی تاریخ کا بڑا سانحہ تھا۔اس سانحہ کے مجرموں کو بے نقاب کرکے کیفر کردارتک پہنچایاجائے ۔ انہوںنے متاثرہ وکلاء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہاکہ وکلاء برادری سانحہ کوئٹہ بار کو کبھی بھلا نہیں سکتی۔اس موقع پر سید ارسلان حیدر،چوہدری عمر یونس،سید جعفرامام،ملک مشتاق لڑکا، گل حسن خان ڈاہا،اسد نواز خان نیازی ودیگروکلاء بھی موجود تھے۔قبل ازیں سانحہ کوئٹہ بار کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی اوردرجا ت بلندی کے لیے دعاکی گئی۔