کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں 9 سے 12 اگست تک شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔
شدید پارشوں کے پیش نظروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا کہ ممکنہ بارشوں سے نمٹنے کی ہماری بھرپور تیاری ہے۔ انتظامیہ گزشتہ بارشوں سے سبق سیکھ کر اس بار اچھا کام کرے گی۔
سید مراد علی شاہ نےگزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ کراچی میں 150 ملی میٹر بارش کی پیشگوئی ہے اور ممکنہ بارش سے نمٹنے کی بھرپور تیاری ہے۔ انتظامیہ گزشتہ بارش سے سبق سیکھ کر اس بار اچھا کام کرے گی۔ مطلوبہ عملے کی عید کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی میں طوفانی بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا، تمام ایئرلائنز کو بھی موسم کی صورتحال سے آگاہ کردیا گیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے (سی اے اے) نے محکمہ فائر اور ایئر سائڈ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔سی اے اے کی جانب سے ایئرپورٹ اور اس کے اطراف میں ترجیحی بنیادوں پر صاف رکھنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ کپتانوں کو رن وے پر سلپ ہونے کے امکانات کے باعث لینڈنگ کے وقت احتیاط کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔