طاہر القادری، شیخ رشید، چودھری برادران عمران کو بیوقوف بنا رہے ہیں: پرویز رشید
اسلام آباد (اے این این) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے عمران خان کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ جھوٹ بول کر اپنا سیاسی قد کم نہ کریں، سازشی خیرخواہ عمران خان کو سیاسی یتیم بنانے کے در پے ہیں۔ چودھری برادران، شیخ رشید اور طاہر القادری عمران خان کو بیوقوف بنا رہے ہیں، مسلسل غلط بیانی عمران کیلئے نقصان دہ ہے۔ عمران خان کے الزامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان ہر پریس کانفرنس میں جھوٹ کا نیا پہاڑ کھڑا کردیتے ہیں، وہ حکومت پر تنقید ضرور کریں لیکن جھوٹ بول کر سیاسی قد کم نہ کریں ، عمران خان مسلسل غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں جو ان کیلئے نقصان دہ ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ نظربندی سے خوفزدہ ہیں، انکا وزیراعظم بننے کا خواب چکنا چُور ہوگیا ہے، پاکستان کا مستقبل عمران خان کے مارچ کے ہاتھوں یرغمال نہیں بن سکتا۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ عمران خان نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے کیا قانون سازی کی ہے، وہ ڈالر کی قدر میں کمی اور روپے کے استحکام پر ناخوش کیوں ہیں؟ عمران خان تھری جی اور فور جی سے ایک ارب ڈالر کی آمدنی پر پریشان ہیں، ہم میٹرو بس منصوبے کی فزبیلٹی رپورٹ جلد جاری کردیں گے، پشاور میٹرو بس کی فیزبیلٹی 52 ارب روپے جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کی فزبیلٹی 44 ارب روپے تھی۔
پرویز رشید