محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت صوبہ پنجاب ، کشمیر، خیبر پختونخوا، مشرقی بلوچستان اور سندھ میں اکثر مقامات پر تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ جنوبی پنجاب ، جنوبی خیبر پختونخوا، مشرقی بلوچستان اور سندھ میں بعض مقامات پر شدید بارش کی توقع ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد ، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ،فیصل آباد، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، ڈی آئی خان، کوہاٹ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش اسلام آباد میں ایک سو اکہتر ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی دالبندین میں پڑی جہاں درجہ حرارت اڑتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔