لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی پلئیرز آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائنگ رائونڈ جیتنے کیلئے پرجوش ہیں اور کھلاڑیوں نے شائقین سے قذافی سٹیڈیم میں آکر میچ دیکھنے اور سپورٹ کرنے کی درخواست کی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شائقین کیلئے قذافی سٹیڈیم کے میچز کیلئے داخلہ فری رکھا گیا ہے جو شاندار اقدام ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنی ٹیم کو سپورٹ کر سکیں۔ وکٹ کیپر بیٹرنجیہہ علوی نے کہاکہ پاکستانی ویمنز ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے، اور ہم شائقین سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ سٹیڈیم آ کر ہمیں سپورٹ کریں۔ یہ ہمارے لئے بہت اہم موقع ہے اور آپ کی حمایت ہمارے لئے حوصلہ افزائی کا باعث ہوگی۔وکٹ کیپر بیٹرسدرہ نواز نے کہاکہ پی سی بی کا یہ اقدام شائقین کیلئے بہت خوش آئند ہے کہ قذافی سٹیڈیم کے میچز کیلئے فری انٹری رکھی گئی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ اپنے خاندان کیساتھ قذافی سٹیڈیم آئیں اور میچز دیکھیں۔ آپ کی سپورٹ ہمارے لئے بہت ضروری ہے۔سپنرسعدیہ اقبال نے کہا کہ ہم آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہے ہیں اور شائقین سے درخواست کرتے ہیں کہ سٹیڈیم آ کر سپورٹ کریں۔ آپ کی موجودگی اور حوصلہ افزائی ہمارے لیے بہت قیمتی ہے۔
قومی خواتین کرکٹرز پر جوش ‘شائقین کو سٹیڈیم آنے کی درخواست
Apr 09, 2025