بینظیر کفالت پروگرام قسط اجراء ، مستحقین کو کسی تکلیف کاسامنا نہ کرنا پڑے، روبینہ خالد

Apr 09, 2025

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے سیکرٹری عامر علی احمد کے ہمراہ بینظیر کفالت پروگرام کی آئندہ قسط کے اجراء کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز کے تمام ڈائریکٹر جنرلز، زونل  ڈائریکٹر جنرلز اور ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد بی آئی ایس پی مستحقین کو کفالت  وظائف کی باعزت اور شفاف انداز میں تقسیم کو یقینی بنانا تھا۔اجلاس کے دوران چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے اعلان کیا کہ وہ ادائیگی کیمپس کے انتظامات کی نگرانی کے لیے ذاتی طور پرملک کے  مختلف علاقوں کے اچانک دورے کریں گی۔ انہوں نے تمام زونل ڈائریکٹر جنرلز  اور ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ مستحقین کیلئے  دستیاب تمام تر سہولیات اور انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں تقسیم کے عمل کے دوران کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ٹیم ورک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، چیئرپرسن نے  بی آئی ایس پی حکام  کو ہدایت کی کہ وہ عملے کے حقوق کا تحفظ کریں، تمام کیمپ سائٹس پر بینک ایجنٹوں کی موجودگی کو یقینی بنائیں، اور کسی بھی مسئلے کو فوری اور مؤثر طریقے سے حل کریں۔ انہوں نے تقسیم کے مرحلے کے دوران ہموار اور بلاتعطل کارروائیوں کی ضمانت کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔سیکرٹری بی آئی ایس پی  عامر علی احمد نے تمام عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ مانیٹرنگ رپورٹس جمع کرائیں گے، مانیٹرنگ پلان شیئر کریں گے  اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار  پر سختی سے عمل کریں گے۔

مزیدخبریں